ایران پر تمام آپشنز بدستور موجود، ٹرمپ سفارت کاری کو ترجیح دیتے ہیں، وائٹ ہاؤس

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ ایران کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سفارت کاری کو ترجیح دی جا رہی ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر تمام آپشنز اب بھی میز پر موجود ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر برائے مواصلات سٹیون چونگ نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتی حل کے حامی رہے ہیں، لیکن اگر ایران آبنائے ہرمز میں یا امریکا کے اتحادیوں کے خلاف جارحانہ سرگرمیاں جاری رکھتا ہے تو امریکا اپنے تمام ممکنہ اقدامات کا اختیار محفوظ رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر سخت اقتصادی پابندیوں اور اس کی مبینہ جارحانہ کارروائیوں کے جواب میں امریکی فوج نے 13 روز تک مسلسل فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جس کے بعد اب دانشمندانہ راستہ یہی ہے کہ ایران مذاکرات کی میز پر آئے اور کسی معاہدے کی جانب پیش رفت کرے، بصورت دیگر اسے ممکنہ نتائج کا علم ہے۔

اس سے قبل نیویارک ٹائمز، ایگزیوس، سی این این اور ایسوسی ایٹڈ پریس نے رپورٹ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے فی الحال ایران کے خلاف امریکی فوجی حملوں کو مزید وسعت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب امریکی حکام نے پیٹریاٹ دفاعی میزائلوں کے ذخائر میں کمی اور خلیج فارس میں امریکا کے عرب اتحادیوں کے ممکنہ فاصلے اختیار کرنے کے خدشات پر تشویش کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ایرانی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی حملوں کے رکنے کے بعد ایران نے بھی اپنی فوجی کارروائیاں روک دی ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں عارضی کمی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button