آبنائے ہرمز پر ایران اور عمان کے مذاکرات میں اہم پیش رفت، معاہدے کا امکان

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام اور محفوظ بحری آمدورفت سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق تہران میں ایران اور عمان کے نائب وزرائے خارجہ کے درمیان دو روزہ مذاکرات ہوئے، جن میں دونوں ممالک نے ساحلی ریاستوں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے جہاز رانی کے محفوظ نظام اور علاقائی بحری سلامتی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات مثبت اور مفید رہے، جبکہ تکنیکی اور سیاسی سطح پر مشاورت کا عمل بدستور جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی موجودہ صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق ایک معاہدہ طے پانے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں بحری آمدورفت کو محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سفارتی کوششوں کو مزید موقع دینے کے لیے امریکی فوج کو ایران پر نئے حملے نہ کرنے کی ہدایت جاری کی، جس کے بعد تقریباً دو ہفتوں سے جاری روزانہ فضائی حملوں کا سلسلہ رک گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button