کشمیر اور منی پور کے بعد نئی دہلی میں بھی مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال کا الزام

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں مودی حکومت پر ایک بار پھر شہریوں کے خلاف سخت طاقت کے استعمال کے الزامات سامنے آ گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کشمیر اور منی پور کے بعد اب نئی دہلی میں بھی مظاہرین کے خلاف مبینہ طور پر پیلٹ گن استعمال کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے میڈیا کے سامنے ایک زخمی نوجوان کو پیش کیا اور دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران پولیس کی پیلٹ گن فائرنگ سے نوجوان کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی۔
راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ احتجاج کے دوران ہزاروں نوجوانوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے پرامن احتجاج کے حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب کانگریس رہنما پریانکا گاندھی نے کہا کہ وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ طلبہ کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس پورے تعلیمی نظام پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہے، تاہم نوجوانوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔
یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب بھارت میں طلبہ احتجاج اور حکومتی پالیسیوں پر سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔



