ہنگو میں بارش نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، مکان کی چھت گرنے سے دو سگے بھائی جاں بحق، 3 افراد زخمی


ہنگو(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں مسلسل بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ دلخراش واقعہ ضلع ہنگو کے علاقے درسمند میں پیش آیا، جہاں مسلسل بارش کے باعث ایک رہائشی مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی اور اہل خانہ ملبے تلے دب گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں بچے سگے بھائی تھے، جبکہ دو خواتین سمیت تین زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا، تاہم دو بچوں کی جان نہ بچائی جا سکی۔
مسلسل بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کچے اور خستہ حال مکانات کو خطرات لاحق ہیں، جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل بھی کی جا رہی ہے۔