بدین میں فشر فوک فورم کا اجلاس، ماہی گیروں کے مسائل کےفوری حل کا مطالبہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے) بدین کے ساحلی علاقے سُنی گھونی میں پاکستان فشر فوک فورم کے ضلعی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں پاکستان فشر فوک فورم کے مرکزی چیئرمین مہران علی شاہ، چیئرپرسن یاسمین علی شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس میں ضلع بدین کی تنظیمی قیادت اور عہدیدران حاجی نبی بخش ، عبدالرحیم چنڈیانی، عمر ملاح ، قاسم ٻچو اور دیگر بھی موجود تھے . اجلاس میں پانی کی قلت ، ماحولیاتی اور آبی آلودگی کے باعث انڈس ڈیلٹا ، ساحلی جھیلوں اور دیگر آبی ذخائر کو پہنچنے والے نقصانات ، سندھ خصوصاً ضلع بدین کی ماہی گیر برادری کو درپیش سنگین مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ماہی گیر آج روزگار، پانی کی قلت، لائسنسوں کے مسائل اور ادارہ جاتی بدانتظامی جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، جن کے باعث ہزاروں خاندانوں کا معاشی مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اجلاس میں ماہی گیروں کے لائسنسوں کے اجراء اور تجدید میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے، ضلع بدین میں پانی کی شدید قلت کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے اور ماہی گیر برادری کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں مبینہ کرپشن کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ایف سی ایس کی چیئرپرسن سمیت متعلقہ ذمہ داران کو عہدوں سے ہٹایا جائے۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان فشر فوک فورم کے سوسائٹی ایکٹ سے متعلق دستاویزی اور قانونی معاملات کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ تنظیم بلا رکاوٹ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ماہی گیر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کر سکے۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان فشر فوک فورم کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سندھ کی ماہی گیر برادری کے حقوق، روزگار، آبی وسائل کے تحفظ اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنی پرامن اور جمہوری جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔



