آن لائن ہنی ٹریپ گینگ بے نقاب، جعلی اکاؤنٹ سے شہریوں کو پھانس کر لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور پولیس نے آن لائن ایپس کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کا نشانہ بنا کر لوٹنے والے گینگ کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
غازی آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 21 جولائی کی رات ایک شہری کو ہنی ٹریپ کے ذریعے پھنسایا اور اس سے موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے فوری کارروائی کا حکم دیا، جس کے بعد پولیس نے گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان میں سونیا بی بی، عظیم اور آصف شامل ہیں۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمہ سونیا بی بی نے "جینیفر لوپاز” کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنا رکھا تھا، جس کے ذریعے وہ شہریوں سے رابطہ کرتی اور انہیں دوستی کے جال میں پھنسا کر ملاقات کے بہانے ایک گھر بلاتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر پہنچنے پر گینگ کے دیگر ساتھی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتے، ہراساں کرتے اور ان سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین لیتے تھے۔
حکام کے مطابق یہ گینگ اب تک 20 سے زائد افراد کو اسی طریقہ واردات سے لوٹ چکا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ گینگ کے دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



