’3 ایڈیٹس‘ کی دوبارہ ریلیز کا معاملہ، ودھو ونود چوپڑا نے حقیقت واضح کر دی

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی سپرہٹ فلم "3 ایڈیٹس” کے پروڈیوسر اور معروف فلم ساز ودھو ونود چوپڑا نے فلم کی سینما گھروں میں دوبارہ ریلیز سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 ستمبر کو "3 ایڈیٹس” کی دوبارہ ریلیز کی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔ شائقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف پروڈکشن ہاؤس کے سرکاری اعلانات پر بھروسہ کریں۔
یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل اداکار عامر خان نے بھی ان قیاس آرائیوں کی تردید کی تھی کہ فلم میں ان کا مشہور کردار رنچھوڑ داس سماجی کارکن اور انجینئر سونم وانگ چک سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا تھا۔
تاہم عامر خان اس سے قبل ایک انٹرویو میں یہ تصدیق کر چکے ہیں کہ "3 ایڈیٹس” کے سیکوئل پر کام جاری ہے اور اس کا اسکرپٹ آخری مراحل میں ہے، جس کے بعد مداحوں میں فلم کی واپسی کے حوالے سے جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ "3 ایڈیٹس” 2009 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم میں عامر خان، آر مادھون، شرمن جوشی اور کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ یہ فلم بالی ووڈ کی تاریخ کی کامیاب ترین اور مقبول ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔



