پٹرول کی قیمت حکومت نہیں بڑھاتی،عالمی حالات مہنگائی کی بڑی وجہ ہیں،رانا ثنا اللہ کا بڑا دعویٰ

فیصل آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی نے ہر فرد کی زندگی مشکل بنا دی ہے، تاہم پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ عالمی حالات ہیں اور یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت خود پیٹرول کی قیمت بڑھاتی ہے۔
فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سامنا ہے اور عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں بھی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ ان کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال مہنگائی کی ایک بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر دنیا بھر میں مہنگائی عالمی حالات کے باعث بڑھ رہی ہے تو کیا ہر ملک میں اس کے خلاف لانگ مارچ کیے جارہے ہیں؟
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں بعض عناصر ایسے مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں، حکومت نے انہیں بات سمجھانے کی کوشش کی ہے، تاہم جو بات سے نہیں سمجھے گا اسے سمجھا دیا جائے گا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ رکوانے کے لیے سب سے زیادہ کوششیں کی ہیں۔ ان کے بقول اگر یہ کوششیں کامیاب ہوگئیں تو پاکستان کو ایران سے پیٹرول اور گیس کم قیمت پر ملنے کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے اعتراف کیا کہ مہنگائی سے عام آدمی پریشان ہے اور حکومت اس صورتحال کا ادراک رکھتی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ ہفتوں کے دوران عالمی تیل کی قیمتوں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حکومت نے 19 ستمبر سے پیٹرول کی قیمت 389.14 روپے فی لیٹر مقرر کی تھی جبکہ قیمتوں کے روزانہ جائزے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔



