ماہرہ خان کی برطانوی شاہ چارلس سوم سے ملاقات کی، ویڈیو وائرل

لندن(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک)معروف اداکارہ ماہرہ خان کی لندن میں برطانوی شاہ چارلس سوم سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
یہ ملاقات لندن کے دی پیننسولا ہوٹل میں برٹش ایشین ٹرسٹ کے سالانہ عشائیے کے دوران ہوئی، جس میں شاہ چارلس سوم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
تقریب میں ماہرہ خان کے علاوہ جے شان، ایمی جیکسن، ایڈ ویسٹوک، میرا سیال، سنجیو بھاسکر، تیز الیاس، کُنال نیئر، آرچی پنجابی اور پریا کلی داس سمیت متعدد معروف شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر کاروبار، سیاست، میڈیا اور تفریحی شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ٹرسٹ کے فلاحی مشن کی حمایت کا اظہار کیا۔
تقریب کا مقصد برٹش ایشین ٹرسٹ کے جنوبی ایشیا میں جاری فلاحی منصوبوں کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا۔
ماہرہ خان نے شاہ چارلس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی بادشاہ سے گفتگو خوشگوار رہی اور انہوں نے برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ کام پر شکریہ ادا کیا۔ اداکارہ کے مطابق شاہ چارلس ایک خوش اخلاق اور چارمنگ شخصیت ہیں۔
انہوں نے اس موقع پر ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پر بھی زور دیا اور کہا کہ معاشرے میں ذہنی امراض کو اب بھی غلط سمجھا جاتا ہے، جبکہ یہ بھی دیگر بیماریوں کی طرح ایک طبی مسئلہ ہے۔



