ماتلی پولیس کی منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، 2 کروڑ روپے مالیت کے 6 لاکھ 33 ہزار 600 مضر صحت گٹکے برآمد

ماتلی ( رپورٹ ایم آر گدی /جانو ڈاٹ پی کے)ماتلی پولیس نے منشیات اور مضر صحت گٹکے کے خلاف جاری مہم کے دوران شہر کی تاریخ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے جیم خانہ کالونی میں قائم ایک گودام پر چھاپہ مار کر 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 6 لاکھ 33 ہزار 600 مضر صحت گٹکے (شاشے) برآمد کر لیے۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ ماتلی محمود خان پٹھان کی نگرانی میں انچارج سی آئی اے، ایس ایچ او تھانہ بدین اور ڈی آئی سی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر رات گئے مشترکہ آپریشن کے دوران انجام دی۔ پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران سفینا سمیت مختلف برانڈز کے مضر صحت گٹکے کے 115 کٹے برآمد کیے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران ملزمان شاہد کشمیری، قادر جٹ اور فہیم جٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ ماتلی میں گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جس مقام پر گودام قائم تھا اس کے قریب سرکاری دفاتر اور ڈی ایس پی ماتلی کی رہائش گاہ بھی موجود ہے، جس کے باعث اس کارروائی کو ماتلی میں مضر صحت گٹکے کے خلاف اب تک کی بڑی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ شہری حلقوں نے ایس ایچ او ماتلی محمود خان پٹھان، سی آئی اے اور پولیس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے شہر میں مضر صحت گٹکے اور منشیات کے خلاف اہم کامیابی قرار دیا ہے۔



