سینیٹ انتخابات: خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر فیڈرل کانسٹیبلری تعینات کرنے کا فیصلہ
احکامات جاری

پشاور (ویب ڈیسک): وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے پیش نظر خیبرپختونخوا اسمبلی کے باہر فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے ایف سی کو کوئیک ریسپانس فورس کے طور پر سیکیورٹی فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ہے، جو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے گی۔ اس فیصلے کا مقصد سینیٹ انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو مکمل کنٹرول میں رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے دوران فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ کو باقاعدہ طور پر خط لکھا تھا۔
خیال رہے کہ سینیٹ کے انتخابات آج بروز اتوار 21 جولائی کو صبح 11 بجے خیبرپختونخوا اسمبلی میں منعقد ہوں گے، جہاں ارکانِ اسمبلی 11 نشستوں پر نئے سینیٹرز کا انتخاب کریں گے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے 25 ارکان نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لیا۔
ان 25 مخصوص نشستوں میں 21 خواتین اور 4 اقلیتوں کی نشستیں شامل تھیں۔ حلف اٹھانے والوں میں مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سات، سات ارکان شامل تھے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے 4، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز) کا ایک رکن شامل تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے ارکان میں فرح خان، آمنہ سردار، فائزہ ملک، شازیہ جدون، جمیلہ پراچہ، افشاں حسین، سونیا حسین اور اقلیتی رکن سریش کمار شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے مہر سلطانہ، شازیہ طہماش، اشبر جدون، فرزانہ شریں اور اقلیتی رکن بیاری لال نے بھی حلف اٹھایا۔
انتخابی عمل سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں، جب کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مقابلہ مزید شدت اختیار کر چکا ہے۔



