امریکا کا عالمی تجارتی ٹیرف کا آغاز، پاکستان کو بھارت پر سفارتی برتری حاصل

پاکستان کو جنوبی ایشیا میں بھارت کے مقابلے میں نمایاں رعایت دی گئی ہے

واشنگٹن (نیوز ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر قیادت انتظامیہ نے آج سے دنیا بھر کے ممالک پر نئے تجارتی ٹیرف کے نفاذ کا آغاز کر دیا، جس میں پاکستان کو جنوبی ایشیا میں بھارت کے مقابلے میں نمایاں رعایت دی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکا کی نئی عالمی تجارتی پالیسی کے تحت مختلف ممالک پر مختلف سطح کا جوابی ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔ جنوبی ایشیا کے اہم حریف ممالک میں بھارت پر 25 فیصد جبکہ پاکستان پر صرف 19 فیصد ٹیرف نافذ کیا گیا ہے، جسے پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دی گئی یہ رعایت حالیہ دنوں میں عسکری و سیاسی قیادت کی امریکی حکام سے ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔ ان ملاقاتوں میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات، وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، نیز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ساتھ انڈونیشیا، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور فلپائن پر بھی 19 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بھارت، قازقستان اور مالدووا پر 25 فیصد، جنوبی افریقا، الجزائر اور لیبیا پر 30 فیصد، جبکہ میانمار اور لاؤس پر 40 فیصد ٹیرف لگایا گیا ہے۔ شام پر سب سے زیادہ 41 فیصد ٹیرف نافذ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے اپنے دیرینہ اتحادیوں کو بھی رعایت نہیں دی۔ کینیڈا پر ٹیرف میں اضافہ کر کے اسے 25 سے 35 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ اسرائیل پر بھی 15 فیصد نیا ٹیرف لاگو کر دیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی کے تحت پاکستان کو ملنے والی رعایت واشنگٹن کے ساتھ اسلام آباد کے تعلقات میں بہتری کی غماز ہے، جو خطے میں طاقت کے توازن پر بھی اثر ڈال سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button