یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ: حکومت نے 31 جولائی تک تمام آپریشنز ختم کرنے کی منظوری دے دی

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ملک بھر میں سستی اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کا سب سے بڑا سرکاری نیٹ ورک تھا

اسلام آباد (ویب ڈیسک): حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے تمام آپریشنز رواں ماہ 31 جولائی تک مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں اس فیصلے سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں یو ایس سی کی بندش اور ملازمین کے لیے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (وی ایس ایس) سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ حکومت کی پالیسی کے تحت 31 جولائی 2025 تک یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سرگرمیاں مکمل طور پر ختم کر دی جائیں گی۔

اجلاس میں وی ایس ایس اسکیم کی تشکیل پر غور کیا گیا، جس کے تحت ملازمین کو منصفانہ اور مالی طور پر قابل عمل علیحدگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس میں اسکیم کے مختلف پہلوؤں جیسے اندازاً مالی بوجھ، قانونی و انتظامی معاملات اور ملازمین کی تعداد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزارت خزانہ اور وزارت صنعت و پیداوار کے نمائندگان پر مشتمل ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کی سربراہی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکریٹری کریں گے۔ یہ کمیٹی وی ایس ایس منصوبے کی حتمی ساخت، حجم اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر رواں ہفتے کے اختتام تک رپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ یو ایس سی کے اثاثہ جات کی نجکاری یا فروخت کے امکانات کا بھی جائزہ لینے کے لیے نجکاری کمیشن سے مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ملک بھر میں سستی اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کا سب سے بڑا سرکاری نیٹ ورک تھا، جسے حکومت نے مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان رواں سال کے آغاز میں کیا تھا۔ اب 31 جولائی کو اس کا مکمل خاتمہ عمل میں لایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button