پنجاب میں ٹریفک چالان کے جرمانوں میں کمی کی ترامیم کثرت رائے سے منظور

لاہور(جانوڈاٹ پی کے )پنجاب اسمبلی نے ٹریفک جرمانوں میں کمی کی ترامیم کو کثرت رائے سے مںظور کرلیا تاہم اس کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی جانب سے ٹریفک جرمانوں میں کمی سے متعلق ترمیمی بل ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
ایوان نے یکم اپریل کو چالانوں میں کمی منظور ہونے والی ترامیم، صوبائی موٹر وہیکل(چوتھی ترمیم) 2025 آرڈینینس پنجاب اسمبلی سے کثرتِ رائے سے منظور کرلی۔
ترمیم میں کہا گیا ہے کہ موٹر سائیکل کے چند چالان 2 ہزار سے کم کر کے 1 ہزار روپے ہوں گے، موٹر سائیکل کا زیادہ سے زیادہ چالان اب 2 ہزار روپے کا ہو گا جبکہ رکشے کا چالان چند خلاف ورزیوں پر 3 سے 1 ہزار کر دیا، اس کے علاوہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار جرمانہ ہو گا۔
ترمیم کے بعد کار اور جیپ کا چالان چند خلاف ورزیوں پر 5 ہزار سے کم کر کے 2 ہزار روپے کر دیا گیا، ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر گاڑیوں کا 5 ہزار جرمانہ برقرار رہے گا۔
متن کے مطابق موٹر سائیکل، رکشے اور کار میں اوور سپیڈنگ کے جرمانوں کو برقرار رکھا گیا جبکہ 2 ہزار سی سی اور دیگر لگژری وہیکلز کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار کر دیا گیا۔
ترمیم کے مطابق 2 ہزار سی سی وہیکلز کا کم سے کم جرمانہ 2 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ہو گا، مزدا، کوسٹرز، چھوٹی مسافر وین لائیٹ وہیکلز کا جرمانہ 20 ہزار سے 7 ہزار کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ٹرک ،بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کا زیادہ سے زیادہ جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار کر دیا گیا۔



