ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں طبیعت ناساز، اسپتال منتقل
طبی معائنہ جاری

لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل میں طبیعت بگڑنے کے بعد انہیں فوری طور پر سروسز اسپتال کی ایمرجنسی منتقل کردیا گیا۔
وکیل رانا مدثر ایڈووکیٹ کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو سانس لینے میں شدید دشواری اور معدے میں شدید تکلیف کے باعث جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کو 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد 12 مئی کو امن و امان کے قانون (ایم پی او) کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے 13 مئی کو ان کی رہائی کا حکم دیا، تاہم رہائی کے چند گھنٹوں بعد ہی انہیں جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات میں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، جس کے بعد سے وہ مسلسل جیل میں قید ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پی ٹی آئی کی سرگرم رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت بھی رہی ہیں، اور 9 مئی کے بعد درج مقدمات میں اہم کردار کے الزام کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کی طبیعت کی خرابی کے بعد پارٹی کارکنان اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔



