مجھے 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 41 سال کی عمر میں دوسری بار ماں بننے جا رہی ہیں، انہوں نے اپنے حمل کے تجربے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار یہ سفر ان کے لیے جسمانی اور جذباتی طور پر بالکل مختلف ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے دوسری بار ماں بننے کے تجربے اور اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہیں 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے مطابق اس وقت زندگی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، ان کا بیٹا بڑا ہوچکا تھا اور وہ اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی تھیں۔
ماہرہ خان نے کہا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت سے منصوبے بناتا ہے، تاہم اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اس کا منصوبہ سب سے بہتر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اس تجربے نے انہیں یہ سیکھنے میں مدد دی کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنا یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننا ضروری نہیں، بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللہ کی مرضی کے سامنے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اپنے پہلی بار ماں بننے کا حوالہ دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ پہلی بار ماں بنی تھیں تو ان کی عمر 24 سال تھی، جبکہ اب 41 برس کی عمر میں وہ جذباتی اور جسمانی طور پر ایک مختلف مرحلے میں ہیں۔
ماہرہ خان کے مطابق پہلی بار انہوں نے اس تجربے کو ایک خاص معصومیت کے ساتھ محسوس کیا، صحت بھی اچھی تھی اور ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھیں۔ تاہم دوسری مرتبہ حمل کا سفر جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہورہا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ بعض دنوں میں جسم انہیں وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو ان کا ذہن کرنا چاہتا ہے، جبکہ وہ ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی ذمہ داریاں نبھانے کی عادی رہی ہیں۔
ماہرہ خان نے مزید کہا کہ جذباتی طور پر بھی دوسری بار ماں بننے کا تجربہ مختلف ہے، کیونکہ اس عمر میں انسان زیادہ باشعور ہوتا ہے، زیادہ چیزوں کی فکر کرتا ہے اور زندگی کی نزاکت و اہمیت کو زیادہ گہرائی سے سمجھتا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس سفر کے دوران انہیں خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے ان کا بیٹا اذلان 15 ستمبر 2009 کو پیدا ہوا۔ دونوں میں 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔ بعد ازاں ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں بھوربن میں سلیم کریم سے دوسری شادی کی۔



