عمران خان کی ضمانت سے متعلق فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا
کمرہ عدالت کو خالی کرا لیا گیا ہے

لاہور (ویب ڈیسک): عمران خان کی ضمانت سے متعلق فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا، کمرہ عدالت سے غیر متعلقہ افراد نکال دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے دائر کردہ ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق کمرہ عدالت کو خالی کرا لیا گیا ہے، غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا ہے جبکہ عدالتی عملہ کمرہ عدالت میں اپنی نشستوں پر بیٹھ چکا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی عدالت پہنچ چکے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں کئی مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ ان مقدمات میں جناح ہاؤس حملہ کیس، شادمان حملہ کیس، اور عسکری ٹاور کیس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ زمان پارک جلاؤ گھیراؤ، جناح ہاؤس کے باہر سرکاری گاڑی کو نذر آتش کرنے کا مقدمہ، مغلپورہ، راحت بیکری اور شیرپاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیسز میں بھی ضمانت کی درخواستیں زیر سماعت تھیں۔
عدالت کی جانب سے ان تمام کیسز میں عمران خان کی ضمانت سے متعلق اہم فیصلہ کچھ ہی دیر میں سنائے جانے کا امکان ہے، جس پر ملک بھر کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔



