عمران خان اپنی ذات نہیں، قوم کے مفاد کے لیے مذاکرات چاہتے ہیں، علیمہ خان
علیمہ خان نے کہا کہ ہمارا فوکس ان بےگناہ قیدیوں کی رہائی پر ہے جنہیں ناجائز طور پر قید کیا گیا ہے

راولپنڈی (ویب ڈیسک): راولپنڈی میں انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے پارٹی کو سخت پیغام دیا ہے کہ ذاتی اختلافات ترک کر کے تحریک کا آغاز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن وہ اپنی ذات کے لیے کسی ڈیل کے خواہاں نہیں بلکہ صرف قومی مفاد میں مذاکرات پر آمادہ ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہمارا فوکس ان بےگناہ قیدیوں کی رہائی پر ہے جنہیں ناجائز طور پر قید کیا گیا ہے، عمران خان اور ہمارے بھانجے کو بھی بلاوجہ قید رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران اور مہنگائی کی ذمہ داری اس نظام پر عائد ہوتی ہے جس نے عوام کی منتخب حکومت کو گرایا۔ اب عوام کو خود ظلم کے خلاف اٹھنا ہوگا، ہم سب کو چاہیے کہ اس بوسیدہ نظام کے خلاف کھڑے ہوں۔
علیمہ خان نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو ذہنی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کے تحت ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، اخبارات اور ٹی وی کی سہولت سے بھی محروم کیا گیا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ جھوٹا شخص ہے، جبکہ عمران خان کبھی جھوٹ نہیں بولتے۔
انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے عمران خان پر ظلم کرانے کے لیے اسی سپرنٹنڈنٹ کو بھیجا ہے، جو انسانی اقدار سے خالی ہے۔
دوسری جانب، عدالت نے علیمہ خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی کو حکم دیا ہے کہ وہ علیمہ خان سے متعلق تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کریں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بھائی کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔



