عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیل پر نیب نے اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کردیا
عدالت عالیہ نے اس موقع پر نیب کو مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی تھی

اسلام آباد (ویب ڈیسک): بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل کی پیروی کے لیے قومی احتساب بیورو نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسپیشل پراسیکیوٹر تعینات کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے چیئرمین کی منظوری سے جاوید ارشد ایڈووکیٹ کو اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر کیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت جاری ہے۔
رواں ماہ کی ابتدا میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے نیب کو پراسیکیوشن ٹیم کی نامزدگی کے لیے مہلت دی تھی جس کے بعد سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔
سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی تھی۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ آج کی تاریخ کئی منتوں مرادوں اور دعاؤں کے بعد ملی ہے یہ کوئی معمولی بات نہیں۔
عدالت عالیہ نے اس موقع پر نیب کو مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی تھی۔
اب نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ سماعت میں کیس کی کارروائی میں پیش رفت ہو سکے گی۔



