طوفانی بارشوں سے تباہی، نالہ لئی خطرناک حد تک بلند، راولپنڈی میں چھٹی کا اعلان

راولپنڈی میں اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی

راولپنڈی (ویب ڈیسک): پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجا دیے گئے، پاک فوج نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گوالمنڈی پل کا دورہ کیا۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ریکارڈ 423 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ راولپنڈی میں اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ چکلالہ میں 188، بوہڑہ میں 160، اور گولڑہ میں 150 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی، ایئرپورٹ پر 110، زیرو پوائنٹ پر 84، سیدپور میں 82، کچہری میں 133، پیرودھائی میں 102 اور کٹاریاں میں 92 ملی میٹر بارش ہوئی۔

راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح نیو کٹاریاں کے مقام پر 17 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر 18 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور مساجد سے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔ خطرناک صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کے دستے نالہ لئی کا معائنہ کرنے کے لیے گوالمنڈی پل پہنچے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ بحریہ ٹاؤن فیز 8 سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی کارکردگی پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ضلع راولپنڈی میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے ایک روزہ تعطیل کا اعلان کردیا۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔

واضح رہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث صوبے بھر میں مختلف حادثات و واقعات میں کم از کم 23 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button