افغانیوں کے جعلی برتھ سرٹیفکیٹس کا انکشاف،ایف آئی اے نے3سرکاری اہلکار پکڑ لیے

ملتان (جانو ڈاٹ پی کے)ایف آئی اے ملتان نے کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے غیر قانونی اندراج اور مبینہ جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شناخت حاصل کرنے کے معاملے میں 3 یونین کونسل سیکرٹریز کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں مختلف یونین کونسلز کے سیکرٹریز ملک خورشید، محمد جعفر اور عبدالجبار شامل ہیں، جن پر الزام ہے کہ وہ افغان شہریوں کے لیے غیر قانونی طور پر برتھ سرٹیفکیٹس جاری کرنے میں ملوث تھے۔ترجمان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر افغان شہریوں کو نادرا کے ڈیٹا بیس میں غیر قانونی طور پر رجسٹر کرایا، جس کے بعد جاری کیے گئے برتھ سرٹیفکیٹس کو پاکستانی شناخت حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایف آئی اے اے سی سی ملتان میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ افغان شہریوں کے غیر قانونی اندراج اور جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شناخت حاصل کرنے کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ایف آئی اے ملتان زون کے ترجمان کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات کے دوران معاملے سے جڑے دیگر افراد اور دستاویزات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ایف آئی اے کے دائرۂ کار میں امیگریشن، غیر قانونی نقل مکانی اور دیگر متعلقہ جرائم کی تحقیقات شامل ہیں۔



