نیویارک میں یومِ عاشور کی مجلس، میئر ظہران ممدانی کی شرکت

نیو یارک (ویب ڈیسک) نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یومِ عاشور کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالے جا رہے ہیں، جبکہ عزاداران نوحہ خوانی اور سینہ زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
ملک بھر میں جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہیں اور ان کے اختتام پر شامِ غریباں کی مجالس منعقد کی جائیں گی، جہاں واقعۂ کربلا کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا جائے گا۔
دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک کی طرح امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کوئنز کے الخوئی سینٹر میں یومِ عاشور کی مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے شرکت کی۔
ظہران ممدانی آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک مجلس میں موجود رہے اور حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 10 محرم حضرت امام حسینؓ کے عزم، استقامت اور حق پر ثابت قدم رہنے کی یاد دلاتا ہے، جبکہ انصاف ایک ایسی قدر ہے جس کے لیے ہر دور میں جدوجہد کی جانی چاہیے۔
اپنے پیغام میں نیویارک کے میئر نے کہا کہ یومِ عاشور قربانی، خود احتسابی اور حق و سچائی سے وابستگی کا دن ہے، جبکہ حضرت امام حسینؓ کی لازوال میراث انسانی وقار، انصاف اور خدمتِ خلق کے لیے جدوجہد کا روشن پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے مجلسِ عزا میں اپنی شرکت کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔



