امریکی وزیر دفاع نے اعلیٰ فوجی منصوبہ ساز لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا کوعہدے سے ہٹا دیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے فوج کے اعلیٰ منصوبہ ساز لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے مطابق بریٹ سلویا جوائنٹ اسٹاف میں حکمت عملی، منصوبہ بندی اور پالیسی کے شعبے کے سربراہ تھے۔ وہ اس عہدے سے ہٹائے جانے والے دوسرے اعلیٰ افسر ہیں۔ تاحال ان کے متبادل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ بریٹ سلویا پر ایران اور روس یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ معلومات صحافیوں کو فراہم کرنے کا الزام تھا اور یہ معاملہ اب محکمہ انصاف کو بھیجا گیا ہے۔

تاہم دو دیگر امریکی حکام نے ان الزامات کو غلط قرار دیا لیکن پینٹاگون نے جنرل بریٹ سلویا کی برطرفی کی وجوہات کی مکمل تفصیلات باضابطہ طور پر جاری نہیں کیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر تازہ حملوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی فوج ایران کے خلاف ممکنہ نئی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے دور میں متعدد اعلیٰ فوجی افسران عہدوں سے ہٹائے جا چکے ہیں۔ سلویا نے امریکی فوج میں 32 سال خدمات انجام دیں اور اس سے قبل 101ویں ایئربورن ڈویژن کی کمان بھی سنبھالی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button