عدالتی ایوانوں میں بڑے زلزلے،کسی کی چھٹی،کسی کی لاٹری!

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے عدالتی محاذ پر ایک بڑا دھماکہ ہونے جا رہا ہے جس نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے لے کر لاہور اور پشاور تک کھلبلی مچا دی ہے۔جوڈیشل کمیشن کے28اپریل کو ہونے والے انتہائی اہم اور غیر معمولی اجلاس سے قبل ہی سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ اہم ججز کے مستقبل کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے "چھٹی” یقینی ہو چکی ہے، جبکہ جسٹس ارباب محمد طاہر کی اچانک لاٹری نکل آئی ہے اور وہ چیف جسٹس بننے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔مجوزہ منصوبے کے تحت جسٹس محسن اختر کیانی کو لاہور ہائی کورٹ منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سنیارٹی لسٹ میں ان کا نمبر بارہویں پوزیشن پر چلا جائے گا، جس کے نتیجے میں وہ چیف جسٹس بننے کے دوڑ سے مکمل طور پر باہر ہو جائیں گے۔ اسی طرح جسٹس بابر ستار کو پشاور ہائی کورٹ بھیجنے کی تجویز ہے، جہاں وہ جونیئر جج بن کر رہ جائیں گے۔




