شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، زین قریشی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زین حسین قریشی نے اپنے والد مخدوم شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما خیریت سے ہیں۔

زین قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز جیل ٹرائل کے موقع پر ان کی مخدوم شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات ہوئی، جہاں دونوں کی خیریت معلوم ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ تین برس کی قید کے دوران مخدوم شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو مختلف جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا رہا، تاہم وہ اب بھی ثابت قدم ہیں اور اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

زین قریشی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کریں اور تمام زیر حراست رہنماؤں کی صحت، سلامتی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔

مزید خبریں

Back to top button