نوجوان ہمارا شاندار مستقبل ، تحقیق و جدت پر مبنی تعلیم ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے،یوسف رضا گیلانی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں،تحقیق و جدت پر مبنی تعلیم ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے،جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سینیٹ کا ادارہ تعلیم، جدت، ہنر مندی کی فراہمی سمیت نوجوانوں کو باوقار انداز میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف لاہور میں منعقدہ گریجویشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈین، ڈائریکٹرز، اساتذہ ، فیکلٹی ممبران ، طلبہ و دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مجھے آج یونیورسٹی آف لاہور کی اس گریجویشن تقریب میں شریک ہو کر بے حد خوشی ہو رہی اور یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے تمام فارغ التحصیل اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن صرف ڈگریوں اور تمغوں کا نہیں، بلکہ برسوں کی محنت، قربانی، صبر اور امید کے ثمر آور ہونے کا دن ہے، آج یہاں موجود ہر طالب علم کے پیچھے ایک ایسا خاندان ہے جس نے یہ یقین رکھا کہ تعلیم زندگی کا رخ بدل سکتی ہے، یہ کامیابی جتنی آپ کی ہے، اتنی ہی ان کی بھی ہے، میں اساتذہ اور فیکلٹی ممبران کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کی رہنمائی اور لگن نے ان نوجوان ذہنوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یونیورسٹی آف لاہور نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے، بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت کے ذریعے عالمی معیار کی تعلیم پاکستان میں متعارف کرا کر یونیورسٹی نے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولے ہیں، خاص طور پر مستقبل ساز شعبوں پر توجہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اردگرد کی دنیا غیر معمولی رفتار سے بدل رہی ہے، مصنوعی ذہانت نے مشین لرننگ، بلاک چین، کوانٹم کمپیوٹنگ، روبوٹکس اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز معیشتوں، صحت کے نظام، صنعتوں اور خود کام کی نوعیت کو تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نئے دور میں قومیں صرف قدرتی وسائل یا انفراسٹرکچر کے ذریعے نہیں بلکہ علم، جدت اور انسانی ذہانت کے ذریعے ترقی کریں گی،یہ صورتحال ہمارے تعلیمی اداروں اور نوجوانوں پر بڑی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات کو اعلیٰ معیار کے مراکز اور ٹیکنالوجی انکیوبیٹرز کے طور پر کام کرنا ہوگا، جو قومی اور بین الاقوامی معیارات پر پورا اتریں، ہمیں طلبہ کو صرف پیشہ ورانہ قابلیت ہی نہیں بلکہ تنقیدی سوچ، تبدیلی کے مطابق خود کو ڈھالنے اور زندگی بھر سیکھتے رہنے کی صلاحیت بھی فراہم کرنا ہوں گی ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال کیا ہے، ہمارے نوجوانوں کو مواقع، اعتماد اور سیکھنے کا عزم درکار ہے، میں تمام گریجویٹس کو تلقین کرتا ہوں کہ وہ زندگی بھر تجسس، لچک اور نئے خیالات کے لیے کشادگی برقرار رکھیں، یاد رکھیں کہ تعلیم صرف ذاتی کامیابی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری بھی ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ زندگی آپ کو جہاں بھی لے جائے، دیانت، ہمدردی، انکساری اور دوسروں کے احترام کو ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں،آپ کی نسل پاکستان کی امیدوں کا محور ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے خاص طور پر یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس شعبے کے فارغ التحصیل طلبہ، خصوصا ًنرسنگ اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد، اب آسٹریا جیسے ممالک سمیت روزگار کے بین الاقوامی مواقع حاصل کر رہے ہیں، یہ نہ صرف اس ادارے بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر اور یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ جب ہمارے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور درست رہنمائی ملتی ہے تو وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں بااعتماد مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کا عزم میرے دل کے بہت قریب ہے، بطور وزیر اعظم میری حکومت نے علاقائی ادارہ جاتی ترقی، اساتذہ کے لیے وظائف میں اضافہ اور جدید علم پر مبنی معیشت کی تشکیل کے لیے قومی پالیسیوں کی منظوری پر توجہ دی، سال 2009 میں ہم نے قومی سائنس و ٹیکنالوجی اور اختراع پالیسی متعارف کروائی جس کا مقصد جامعات کو سماجی و معاشی ترقی میں مرکزی کردار دینا تھا، اس پالیسی کے تحت اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ، جامعہ و صنعت کے روابط کو فروغ دینا اور کیمپسز میں ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنا شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم انٹرپرینیورشپ چیلنج پروگرام، انٹرن شپ اسکیمز اور جامعات کے لیے فنڈنگ میں اضافہ جیسے اقدامات بھی شروع کیے، خصوصا ًپسماندہ علاقوں میں، تاکہ نوجوان پاکستانیوں کے لیے مواقع کے نئے دروازے کھولے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور چیئرپرسن کامسیٹس، میں نے کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی توسیع اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا، جسے ایک کثیر کیمپس یونیورسٹی نظام میں تبدیل کیا گیا، یہ تمام کوششیں اس پختہ یقین پر مبنی تھیں کہ پاکستان کے لیے سب سے قیمتی سرمایہ ایک تعلیم یافتہ، ہنر مند اور پرعزم نوجوان نسل ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اب بطور چیئرمین سینیٹ، میں اسی عزم اور ویژن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہوں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی سینیٹ تعلیم، جدت، ہنر مندی اور نوجوانوں کو باوقار انداز میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تمام گریجویٹس، والدین، اساتذہ اور یونیورسٹی آف لاہور کی انتظامیہ کو اس خوشی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ نے شاندار کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جبکہ ریکٹر یو یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نے مہمان خصوصی کو سوینئر بھی پیش کیا۔



