جمہوری اداروں کا استحکام اور آئین کی بالادستی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کی بالادستی، پارلیمانی نظام حکومت، قانون کی حکمرانی اور فیصلہ سازی میں عوام کی بامعنی شمولیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آئینِ پاکستان جمہوری نظام اور جمہوری اقدار کی ضمانت فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین کی روح کے مطابق اقتدار کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور منتخب نمائندے یہ اختیار عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان وہ آئینی فورم ہے جہاں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی مسائل پر قانون سازی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق خواتین، اقلیتوں، چھوٹے صوبوں اور دیگر محروم طبقات کی مؤثر نمائندگی کے حوالے سے پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت نے قابلِ ذکر پیش رفت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین اور غیر مسلم شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں آئینی عزم کی عکاس ہیں، جبکہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرکے پاکستان کے وفاقی نظام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شفافیت، معلومات تک عوامی رسائی اور جدید پارلیمانی روایات جمہوریت کے بنیادی تقاضے ہیں، اور پاکستان کی پارلیمان نے قانون سازی، پارلیمانی مباحث، کمیٹی رپورٹس اور دیگر اہم دستاویزات عوام کی دسترس میں لا کر اس سمت میں مؤثر اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے اور مختلف عالمی فورمز پر امن، مکالمے، پائیدار ترقی، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button