عالمی بینک کی بنگلا دیش کے لیے 1.1 ارب ڈالر امداد منظور، غذائی تحفظ اور توانائی پر خرچ ہوگی


ڈھاکہ (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے بنگلا دیش کو کھاد اور ایندھن کی عالمی منڈیوں میں قیمتوں اور رسد کے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے، غذائی تحفظ برقرار رکھنے اور معاشی استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے 1.1 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ امداد ایسے وقت میں منظور کی گئی ہے جب بنگلا دیشی حکومت نے رواں ماہ مالی سال 2026-27 کے لیے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا قومی بجٹ پیش کیا، جس کا حجم 9.02 ٹریلین بنگلا دیشی ٹکا ہے، جبکہ اس میں 18.5 ارب ڈالر کا ریکارڈ بجٹ خسارہ رکھا گیا ہے۔
عالمی بینک کے بیان کے مطابق اس مالی پیکیج میں 300 ملین ڈالر غذائی تحفظ کے ہنگامی منصوبے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ رقم دو مراحل میں فراہم کی جائے گی، جس کا پہلا مرحلہ جولائی سے اکتوبر 2026 اور دوسرا اکتوبر 2026 سے اپریل 2027 تک جاری رہے گا۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اس امداد کا مقصد بنگلا دیش کو عالمی منڈی میں کھاد اور ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات سے بچانا، زرعی شعبے کو سہارا دینا اور خوراک کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔