پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کا شیڈول جاری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

 پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا کے مقام ہمبانٹوٹا میں 6 وائٹ بال میچز کی سیریز کھیلے گی اور سیریز کے تمام میچز مہندا راجا پاکسا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 23، 25 اور 28 جولائی کو شیڈول ہیں، جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت چیمپئن شپ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے اور اب تک 6 میں سے 4 میچز جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے۔ نیوزی لینڈ 13 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا تیسرے نمبر پر ہے۔

سری لنکا کے خلاف اسی دورے میں پاکستان ویمنز ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے گی، جو 31 جولائی، 2 اگست اور 4 اگست کو ہوں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اور سری لنکا ویمنز ٹیمیں اب تک 21 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں پاکستان نے 11 جبکہ سری لنکا نے 9 میچز جیتے ہیں، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

ون ڈے فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں 34 مرتبہ مقابلہ کر چکی ہیں، پاکستان نے 11 اور سری لنکا نے 22 میچز جیتے ہیں جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں اس وقت برطانیہ میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو 12 جون سے شروع ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button