ویمنز ایشیا کپ : پاکستان بھارت میں آج ٹاکرا ہوگا

دبئی(جانوڈاٹ پی کے) ویمنز ایشیا کپ 2026 میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی خواتین ٹیمیں آج 5 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ گروپ اے کا اہم میچ ہے۔
بھارتی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 94 رنز جبکہ ہانگ کانگ کو 137 رنز سے شکست دی ہے اور گروپ اے میں مضبوط پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان نے اپنے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر کامیاب آغاز کیا تھا۔
پاکستان کے خلاف اہم مقابلے سے قبل بھارتی آل راؤنڈر دپتی شرما نے اپنی ٹیم کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم حریف کی بجائے اپنی صلاحیتوں اور مضبوطیوں پر توجہ مرکوز رکھے گی۔
دپتی شرما نے پاکستان کے اسپن بولنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال کی صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بولرز اچھے ہیں، تاہم بھارتی ٹیم اپنی طاقت پر توجہ دیتے ہوئے بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گی۔
پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیموں کے درمیان اب تک 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلے ہوچکے ہیں، جن میں بھارت نے 14 جبکہ پاکستان نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
بھارت پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، جبکہ پاکستان کے لیے آج کا مقابلہ گروپ مرحلے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔



