شادی کی تقریب میں جہیز کی مانگ پر جھگڑا، لڑکی کا باپ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

اسلام نگر(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست اتر پردیش کے گاؤں اسلام نگر میں ایک شادی کی تقریب ماتم میں بدل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام نگر گاؤں کے رہائشی ثاقب نے بیٹی کی شادی کی تقریب دھوم دھام سے منعقد کی، شادی کی تقریب کا خوشی بھرا ماحول اس وقت غم میں بدل گیا جب دلہے والوں نے جہیز کی مانگ کی اور حق مہر پر بحث ہوئی۔
دلہن کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ شادی طے ہونے کے بعد سے دلہے والے اضافی جہیز کا مطالبہ کررہے تھے، مطالبات ایک اسکوٹر سے لے کر موٹرسائیکل تک اور پھر ایک لاکھ روپے نقد تک پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ دلہن کے اہل خانہ نے حق مہر کی رقم 5 لاکھ روپے مقرر کرنے پر اصرار کیا جس پر دلہے کی جانب سے 21 ہزار روپے سے زیادہ رقم دینے سے انکار کیا گیا تاہم اسی لڑائی جھگڑے پر ثاقب کو دل کا دورہ پڑا جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
موت کی خبر جب میرج ہال تک پہنچی تو دلہن والوں نے دلہا سمیت اس کے اہل خانہ کو یرغمال بنالیا جب کہ کچھ مہمانوں پر مبینہ طور پر تشدد بھی کیا گیا، تشدد سے بچنے کی کوشش میں شادی میں آئے بہت سے مہمانوں نے ملحقہ مکان کی چھت سے بھاگنے کی کوشش کی، اسی دوران بدقسمتی سے چھت کا ایک حصہ گرا جس کے نتیجے میں چند افراد زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو کرلیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف کے بیانات ریکارڈ کرکے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔



