ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی، لاہور اور کراچی میں حبس برقرار، مری میں موسلا دھار بارش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مطلع جزوی ابر آلود ہے اور بارش کا امکان موجود ہے۔ ہوا کی رفتار کم ہونے کے باعث شہر میں حبس بڑھ گیا ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے۔ شہر میں نمی کا تناسب 87 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور دارالحکومت کا درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کراچی میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ دن بھر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت صبح ہی 29 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ضلع خیبر کے علاقوں باڑہ اور جمرود میں ایک ہفتے سے زائد شدید گرمی کے بعد ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔ بارش کے بعد علاقے میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے۔
دوسری جانب مری میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مری میں کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ بارش اور بادلوں کے باعث پہاڑی علاقوں کے مناظر مزید دلکش ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مری میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
سوات میں بھی گزشتہ صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ تاہم بارش کے دوران بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش اور خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح مٹہ، خوازہ خیلہ، مدین، بحرین، کالام، ملم جبہ، سخرہ اور گبین جبہ سمیت سوات کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کررہے ہیں۔



