ملک کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور گرد و نواح میں شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں بھی آج بوندا باندی یا ہلکی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے احتراز کریں، جبکہ متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔



