اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بارش کا امکان، موسم خوشگوار ہوگیا

اسلام آباد/لاہور(جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی اور اسلام آباد میں اچانک موسم نے کروٹ لے لی، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ لاہور میں بھی آج اور کل وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور بارش کے دوران نکاسی آب کے نظام کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لاہور کے افق پر بھی بادلوں نے ڈیرے جما لیے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل شہر میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 24 اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔



