ملک کے بیشتر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، تاہم لاہور، حافظ آباد، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور گردونواح میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرمی جبکہ رات کے وقت مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ زیریں علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔ چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور اور مالاکنڈ کے چند مقامات پر بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے، اس لیے شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید خبریں

Back to top button