لاہور میں سبزیوں کی من مانی قیمتوں کا سلسلہ برقرار، شہری پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سبزیوں کی من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق پیاز سرکاری ریٹ 135 روپے فی کلو کے بجائے 160 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ ٹماٹر کی قیمت 80 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو وصول کی جا رہی ہے۔

اسی طرح کھیرا سرکاری نرخ 90 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو، کریلا 70 کے بجائے 100 روپے فی کلو، بینگن 40 کے بجائے 60 روپے فی کلو، میتھی 50 کے بجائے 60 روپے فی کلو اور گاجر 80 کے بجائے 100 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت محض ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بجائے اس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

ان کے مطابق، “ڈی سی ریٹ لسٹ دکانوں پر لگی ضرور ہے مگر اس پر کوئی عمل نہیں ہوتا، انتظامیہ صرف دکھاوے کے چکر لگاتی ہے۔”

دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ ٹرانسپورٹ اخراجات میں اضافے اور مارکیٹ ریٹس بڑھنے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ان کی مجبوری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button