ایران کی امریکا کو سخت دھمکی، حملہ ہوا تو کئی گنا زیادہ شدت سے جواب دیں گے

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے دوبارہ کسی حملے کی صورت میں ایران کئی گنا زیادہ شدت سے جواب دے گا۔ یہ بیان امریکا کی جانب سے لارک جزیرے پر ایرانی لانچرز کو نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے جواب میں ایران نے اردن میں امریکی فوجی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔
سینئر ایرانی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ لارک پر امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی کارروائی نے ثابت کر دیا ہے کہ خطے میں کوئی بھی ہدف تہران کی پہنچ سے باہر نہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق اگر ایران پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو تہران سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایرانی ذرائع نے خبردار کیا کہ تہران کے مقرر کردہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کے لیے صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ حالیہ کشیدگی کے دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو بھی خطرات لاحق ہوئے ہیں۔
ایرانی حکام نے مزید کہا کہ ایران خطے میں کسی بھی ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



