پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں،امریکی رکن کانگریس مائیکل بامگارٹنر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی رکن کانگریس مائیکل بامگارٹنر نے کہا ہے کہ عوامی روابط اور تجارتی تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کا عکاس اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہےہیں۔
نجی ٹی و ی کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط میں تیزی کے تناظر میں امریکی ایوان نمائندگان کے دو ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں امریکی کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر نے لوک ورثہ میوزیم کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کی تاریخ، ثقافت، مختلف زبانوں، علاقائی روایات اور نسلی تنوع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
امریکی اراکین کانگریس نے پاکستانی ثقافت اور تاریخی ورثے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں امریکی وفد نے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں تحریکِ پاکستان کی جدوجہد اور ملکی تاریخ کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان ٹیلی وژن کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی کانگریس کے رکن مائیکل بامگارٹنر نے خلیجی بحران میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہونے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی روابط اور تجارتی تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور مضبوط ہوتے دوطرفہ تعلقات کا عکاس ہے۔
امریکی کانگریس کے دونوں ارکان اپنے دورہ پاکستان کے دوران لاہور بھی جائیں گے، جہاں وہ تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کے علاوہ اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔



