یمن میں امریکی فضائی حملوں میں 153 شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف، پینٹاگون کی رپورٹ


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ سال یمن میں حوثیوں کے خلاف کی جانے والی امریکی فضائی کارروائیوں کے دوران 153 شہری ہلاک اور 243 زخمی ہوئے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پینٹاگون نے کانگریس کو پیش کی گئی 12 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں بتایا کہ یہ جانی نقصان اپریل 2025 میں فوجی کارروائیوں کے دوران پیش آنے والے 3 مخصوص واقعات میں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 6 اپریل کو صنعاء میں کیے گئے فضائی حملے میں 5 شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ 17 اپریل کو راس عیسیٰ بندرگاہ پر ہونے والے حملے میں 80 افراد ہلاک ہوئے۔
اسی طرح 28 اپریل کو صعدہ کے قریب کیے گئے تیسرے حملے میں 47 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
پینٹاگون کے مطابق امریکی فوجی مہم سے متعلق مزید 15 واقعات بھی زیرِ جائزہ ہیں، جن میں شہری ہلاکتوں کے دعوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔