اسحاق ڈار کا انتونیو گوتریس سے ٹیلیفونک رابطہ، اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے گزشتہ برسوں کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت اور مختلف عالمی معاملات پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ کیا اور آئندہ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور انتونیو گوتریس کے درمیان رواں سال بھی متعدد مواقع پر رابطے اور ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ مئی 2026 میں دونوں کی نیویارک میں ملاقات ہوئی تھی، جبکہ اپریل میں ٹیلیفونک رابطے کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
پاکستان عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے کثیرالجہتی سفارت کاری، مذاکرات اور اقوام متحدہ کے مؤثر کردار کی حمایت کرتا ہے۔ تازہ رابطے میں بھی اسحاق ڈار کی جانب سے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کا اعادہ اسی پالیسی کا تسلسل قرار دیا گیا ہے۔



