یونان ورک پرمٹ کے نام پر لاکھوں کا مبینہ فراڈ، ایف آئی اے کا بڑا ایکشن، کنسلٹنسی مالک گرفتار

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹریول کنسلٹنسی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بفر زون، نارتھ کراچی سے ایک کنسلٹنسی کے مالک کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق کارروائی بفر زون کے سیکٹر 15-A/4 میں واقع M/s Quickway Consultant کے دفتر پر کی گئی، جہاں ملزم سید شہریار شاہ مبینہ طور پر متعلقہ مجاز اتھارٹی کے لائسنس کے بغیر اوورسیز ایمپلائمنٹ اور ٹریول کنسلٹنسی کا کاروبار چلا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے دفتر سے اہم دستاویزات اور دیگر قابلِ اعتراض مواد بھی برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم مبینہ طور پر بیرون ملک روزگار کے پیکجز فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کر رہا تھا، جن میں یونان کا ورک پرمٹ بھی شامل تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ایک متاثرہ شہری سے یونان کے ورک پرمٹ کے عوض مجموعی طور پر 12 لاکھ 20 ہزار روپے طلب کیے گئے تھے، جس میں سے شہری نے مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے بطور ایڈوانس ادا کیے۔
ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ برآمد ہونے والے ریکارڈ اور دستاویزات کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔



