ایران جنگ میں اسرائیل نے آئرن ڈوم سسٹم اور فوجی یو اے ای میں تعینات کیے: امریکی نیوز ویب سائٹ

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)ایران جنگ کے ابتدائی مرحلے میں اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کو اپنا جدید فضائی دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ فراہم کیا اور اسے آپریٹ کرنے کے لیے فوجی اہلکار بھی تعینات کیے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے دوران اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فوجی، سکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون غیر معمولی سطح تک پہنچ گیا تھا۔
ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام کے مطابق وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اماراتی صدر محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد اسرائیلی فوج کو ہدایت دی کہ وہ فضائی دفاعی نظام کے ساتھ متعدد انٹرسیپٹر میزائل اور درجنوں فوجی اہلکار امارات بھیجے۔
ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار کے مطابق یہ پہلا موقع تھا کہ اسرائیل نے اپنا یہ دفاعی نظام کسی دوسرے ملک کو فراہم کیا اور امریکا و اسرائیل کے علاوہ امارات پہلا ملک بنا جہاں یہ نظام استعمال کیا گیا۔
حکام کے مطابق اس فضائی دفاعی نظام نے درجنوں ایرانی میزائل حملوں کو ناکام بنایا۔
امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی ایران میں نصب کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیمتعدد حملے کیے تاکہ وہ امارات اور دیگر خلیجی ممالک کو نشانہ نہ بنا سکیں۔



