مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری منصوبہ، برطانیہ کا اسرائیل سے شدید احتجاج

لندن(ویب ڈیسک) برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا ہے کہ برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑے یہودی آبادکاری منصوبے کے لیے اسرائیل کی جانب سے ٹینڈر جاری کیے جانے پر اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔

ایک بیان میں ایڈ ملی بینڈ نے اسرائیلی اقدام کو ناقابل قبول اور تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ فلسطین کے قلب کو تقسیم کرسکتا ہے اور مغربی کنارے کو مشرقی بیت المقدس سے الگ کرنے کا خطرہ پیدا کر رہا ہے، جس سے دو ریاستی حل کے امکانات کو شدید نقصان پہنچے گا۔

برطانوی حکومت نے اسرائیلی وزیر خارجہ کے سامنے بھی معاملہ اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری طور پر متنازع منصوبہ روکے، غیر قانونی آبادکاری یونٹس کا ٹینڈر واپس لے اور آبادکاری کی مزید توسیع سے باز رہے۔

برطانوی وزیر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے متنازع منصوبے پر اپنے وعدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹینڈر جاری کیا، جبکہ ان افراد کو بھی اس پیش رفت سے آگاہ نہیں کیا گیا جنہوں نے منصوبے کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔

ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاروں کا تشدد اور نئی آبادکاری فلسطینیوں کے حالات مزید خراب کر رہی ہے۔ برطانیہ دو ریاستی حل کی تباہی کو خاموشی سے قبول نہیں کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button