تربت میں 120 بستروں پر مشتمل جدید ایف سی ہسپتال عوام کے لیے کھول دیا گیا

تربت(جانوڈاٹ پی کے) عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تربت میں 120 بستروں پر مشتمل نیا ایف سی ہسپتال مکمل کر کے باقاعدہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے تعاون سے قائم اس ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی اور ٹراما کیئر سروسز دستیاب ہوں گی، جبکہ سی ٹی اسکین، ایم آر آئی، الٹراساؤنڈ سمیت جدید تشخیصی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ہسپتال میں خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی شعبہ قائم کیا گیا ہے، جہاں تربیت یافتہ عملہ اور جدید طبی آلات موجود ہیں تاکہ بہتر علاج معالجہ ممکن بنایا جا سکے۔
طبی سہولیات کے مطابق ہسپتال میں جنرل میڈیسن سے لے کر نیورو سرجری تک مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹرز خدمات انجام دیں گے، جبکہ جدید آپریشن تھیٹرز بھی فعال کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ آکسیجن جنریشن پلانٹ، 1.1 میگاواٹ پاور بیک اپ سسٹم اور عالمی معیار کے مطابق انفیکشن کنٹرول اور صفائی کا جدید نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے اس منصوبے کو صحت کے شعبے میں بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے ایف سی ساؤتھ اور پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا ہے۔



