اگر ہم ایران پر سخت کارروائی نہ کرتے توکوئی بات چیت نہ ہورہی ہوتی،ٹرمپ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، عسکری قیادت اور فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا ہے۔

ریاست مشی گن میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کی بحریہ تباہ کر دی، ان کی فضائیہ تباہ کر دی، ان کی قیادت ختم کر دی اور ان کا فضائی دفاعی نظام بھی تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی ڈرون اور میزائل بنانے کی زیادہ تر صلاحیت بھی تباہ کر دی ہے۔ٹرمپ کے بقول ایران اب اپنی سابقہ صلاحیت کے صرف تقریباً 7 فیصد کی رفتار سے ڈرون تیار کر رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اب ایران ہمارے ساتھ معاہدے کی بات کر رہا ہے، لیکن اگر ہم سخت کارروائی نہ کرتے تو مذاکرات کی نوبت ہی نہ آتی۔

صدر ٹرمپ نے ایران کو گزشتہ 47 سے 50 سال سے مشرقِ وسطیٰ کا "غنڈہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کا خیال تھا کہ ایران کو رعایتیں دے کر منایا جا سکتا ہے، مگر ‘ایران کو خریدا نہیں جا سکتا، اسے شکست دینا پڑتی ہے، اور ہم اسے بری طرح شکست دے رہے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیکھتے ہیں انجام کیا ہوتا ہے، اس وقت ایران کے ساتھ انتہائی خوشگوار مذاکرات جاری ہیں۔

علاوہ ازیں ٹرمپ نے امریکی بحری ناکہ بندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری بحریہ کی ناکہ بندی اتنی مؤثر ہے کہ ایک بھی کشتی گزر نہیں سکتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکا سے کہہ رہا ہے، "براہِ کرم، بحری ناکہ بندی ختم کر دیں۔

مزید خبریں

Back to top button