ڈیزل کی قیمتوں میں کمی :پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

نیروبی (مانیٹرنگ ڈیسک)کینیا میں پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز نے آئندہ ہفتے کی مجوزہ ہڑتال واپس لینے کا اعلان کر دیا، یہ فیصلہ صدر ولیم روٹو کی جانب سے ڈیزل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کمی کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کی دو روزہ ہڑتال کے باعث دارالحکومت نیروبی میں معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں جبکہ احتجاجی مظاہروں اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 4 افراد ہلاک اور تقریباً 30 زخمی ہوئے۔

صدر ولیم روٹو نے ٹی وی خطاب میں اعلان کیا کہ حکومت جون تا جولائی قیمتوں کے تعین کے مرحلے میں ڈیزل کی قیمت میں 10 کینین شلنگ فی لیٹر کمی کرے گی۔ اس سے قبل بھی حکومت نے احتجاج کے بعد جزوی ریلیف دیا تھا۔

حکومت ہر ماہ ایندھن کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت مقرر کرتی ہے، تاہم گزشتہ ماہ ڈیزل کی قیمت میں 23.5 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، جس کے باعث عوامی غصہ بڑھ گیا تھا۔

صدر روٹو کے مطابق اپریل سے جون کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے حکومت نے تقریباً 28.1 ارب کینین شلنگ خرچ کیے جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے دباؤ کے باوجود بین الاقوامی معاہدوں کے ذریعے ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

واضح رہے کہ کینیا اس وقت مہنگائی، بڑھتی ہوئی زندگی کی لاگت اور سیاسی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے جبکہ صدر روٹو کو 2027 کے انتخابات سے قبل عوامی احتجاج کا بھی سامنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button