2019 سے جون 2026 تک ریلوے میں 784 حادثات، 31 بڑے حادثات کی تحقیقات تاحال نامکمل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سال 2019 سے جون 2026 تک ملک کے ریلوے نظام میں 784 ٹرین حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ اس عرصے میں اوسطاً ہر ماہ 8.8 حادثات پیش آئے۔ کئی بڑے حادثات کی تحقیقات اب بھی مکمل نہیں ہو سکیں۔
دستاویزات کے مطابق اس دوران 300 مال گاڑیاں اور 210 مسافر ٹرینیں پٹڑی سے اتریں، جبکہ 87 حادثات بغیر اجازت ریلوے لائن عبور کرنے، 82 ان مینڈ لیول کراسنگ اور 28 مینڈ لیول کراسنگ پر تصادم کے باعث پیش آئے۔ علاوہ ازیں ٹرینوں میں آگ لگنے کے 28 واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق مسافر اور مال گاڑی کے درمیان 7، مال گاڑیوں کے آپسی 5 اور مسافر ٹرینوں کے باہمی تصادم کے 2 واقعات بھی سامنے آئے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے کے 31 بڑے حادثات کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہو سکیں، جبکہ جنوری سے جون 2026 کے دوران پیش آنے والے 32 حادثات میں سے 24 انکوائریاں ابھی تک زیر التوا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں 159، 2020 میں 145، 2021 میں 87، 2022 میں 62، 2023 میں 84، 2024 میں 118 اور 2025 میں 97 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں رولنگ اسٹاک کی خرابی، انتظامی غفلت، تیز رفتاری اور تخریب کاری کو ٹرین حادثات کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔



