لاہور میں کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ پرمٹ ڈرائیورز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور میں کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ پرمٹ موٹر سائیکل و گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق 16 سے 18 سال کی عمر کے ایسے افراد جو بغیر ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ موٹر سائیکل یا گاڑی چلاتے ہوئے پائے جائیں گے، ان کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں فوری طور پر تحویل میں لے لی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق کم عمر موٹر سائیکل سوار کی موٹر سائیکل اس وقت تک واپس نہیں کی جائے گی جب تک وہ باقاعدہ ڈرائیونگ پرمٹ حاصل نہ کر لے، جبکہ کم عمر کار ڈرائیور کی گاڑی والدین کی جانب سے شورٹی بانڈ جمع کرانے کے بعد ہی ریلیز کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے شہر بھر میں 13 مقامات پر ڈرائیونگ پرمٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے 16 سے 18 سال کے بچوں کے ڈرائیونگ پرمٹ بروقت بنوائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ بغیر پرمٹ کم عمر ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔



