ڈگری کے قریب المناک ٹریفک حادثہ، پنگریو کا نوجوان عمران احمدانی دورانِ علاج جاں بحق

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) ڈگری کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں پنگریو کے گاؤں علی خان احمدانی کے رہائشی نوجوان عمران احمدانی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق عمران احمدانی مزدوری کے سلسلے میں میرپورخاص گئے ہوئے تھے۔ واپسی پر وہ دیگر مسافروں کے ہمراہ ایک کوسٹر میں سوار تھے کہ ڈگری کے قریب گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حادثے میں پنگریو کے قریب واقع گاؤں علی خان احمدانی کے پانچ افراد بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں فوری طور پر حیدرآباد منتقل کیا گیا، جہاں زیرِ علاج عمران احمدانی جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
نوجوان کی وفات کی خبر سنتے ہی آبائی گاؤں میں فضا سوگوار ہوگئی۔ اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور علاقہ مکین غم سے نڈھال ہو گئے، جبکہ ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔
مختلف سماجی، سیاسی اور مذہبی شخصیات نے عمران احمدانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔



