مریدکے، ٹی ایل پی مظاہرین کومنتشر کرنے کی کارروائی میں ایس ایچ او سمیت 2اہلکار شہید، پولیس کی تصدیق

مریدکے(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک لبیک پاکستان کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیر کی علی الصبح کی گئی کارروائی کے دوران ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے
پنجاب پولیس کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل ذاکر حسین دورانِ ڈیوٹی شر پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل ذاکر حسین زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہو گئے۔
اس سے قبل شیخوپورہ پولیس کے ترجمان رانا یونس نے بی بی سی اُردو کو تصدیق کی تھی کہ پیر کی علی الصبح ٹی ایل پی کے مظاہرین کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران ایس ایچ او انسپیکٹر شہزاد نواز پیٹ میں گولی لگنے کے باعث ہلاک ہو گئے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے جبکہ شدید زخمی ہونے والے اہلکاروں کو لاہور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔



